ڈیرہ غازی خان،22ستمبر(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کے دوران 5ہزار لیٹر مضر صحت دودھ تلف کر دیا ہے ۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملاوٹ مافیا کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائیاں جاری ہیں اور فوڈ سیفٹی ٹیم نے پل قمبر، تونسہ روڈ پر دودھ بردار گاڑی کی چیکنگ کی اور ٹیسٹ کے دوران دودھ میں یوریا، فارمالین اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی،جدید لیکٹوسکین مشین کے ذریعے دودھ کے معیار کو چیک کیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گاڑی میں 5ہزار لیٹر دودھ موجود تھا جو پشاور شہر میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔ملاوٹ ثابت ہونے پر اسے تلف کر دیا گیا۔
اس حوالے سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ دودھ کی چیکنگ کےلئے پنجاب کے چھوٹے بڑے تمام شہروں کی داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی جارہی ہے اور ہم کسی کو عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دے سکتے۔