ڈیرہ غازی خان،22 ستمبر (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجادحسن خان کی زیر صدارت اے ایس آئیز سے سب انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹیبلز سے اے ایس آئی کے عہدوں پر ترقی کے لیے ریجنل پولیس آفس ڈیرہ غازی خان میں پرموشن بورڈ کا اجلاس ہوا۔
ڈی جی خان ریجن پروموشن بورڈ کے اجلاس میں ترقی کے مجوزہ معیارکے مطابق پولیس افسران کی ترقی کے کیسز کا جائزہ لیا گیا ۔محکمانہ پرموشن بورڈ کی سفارشات پر زیر غور 54 اے ایس آئیز میں سے میرٹ پر پورا اترنے والے 14 اے ایس آئی کو سب انسپکٹر اور زیر غور 75 ہیڈ کانسٹیبلز میں سے میرٹ پر پورا اترنے والے 48 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئی کے عہدوں پر ترقی دی گئی۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجادحسن خان نے ترقی پانے افسران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پروموشن بورڈ میں افسران کی انفرادی کارکردگی، میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر ترقی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پولیس آفیسران کی محنت اور بہترین کارکردگی کا اعتراف ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پانے والے تمام افسران کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو ا ہے اور وہ پنے فرائض پہلے سے زیادہ احسن طریقے سے سر انجام دیں۔
اجلاس میں ڈی پی او مظفر گڑھ سید حسنین حیدر، ڈی پی او راجن پور کیپٹن (ر) دوست محمد، ڈی پی او لیہ اسدالرحمان اور ایس پی انوسٹی گیشن ڈی جی خان بختیار احمد بطور ممبر بورڈ شریک ہوئے۔