گورنر پنجاب سے جاپانی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

21

 

لاہور،24ستمبر  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے  پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرونے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تجارت، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں سمیت دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے جاپانی سفیر کوٹیکسٹائل، سپورٹس اور چمڑے کی مصنوعات کی جاپان میں ایکسپورٹ کے لیے پاکستان کو جی ایس پی سکیم میں شامل کرنے کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں سپنگ ملز جاپانی ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی طرف سے ترجیحی تجارتی سہولتیں ملنے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ ہو گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جاپان میں مقیم پاکستانی جاپان کی معیشت کو ترقی دینے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاپان میں مقیم پاکستانی استعمال شدہ کاروں اور حلال فوڈ کی ایکسپورٹ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ جاپانی آٹو موبائلز کی پاکستان میں بلند معیار کی وجہ سے بہت مانگ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں جاپان کے مختلف پاکستانی کمپنیوں کو ٹیکنالوجی میں اشتراک کو سراہتا ہوں۔