لاہور،23ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری موغادم نے ہفتہ کو یہاں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت تعلیم، ثقافت اور تجارت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ایران پاکستان کا دیرینہ اسلامی دوست ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات قدیم تاریخی، باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوست ممالک کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو فرغ دینے کیلئے سرگرم عمل ہے تاکہ معاشی ترقی کے عمل میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، سیاحت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے بہت مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹیکسٹائل مصنوعات پاکستان کی وجہ شہرت ہیں جو عالمی سطح پر منفرد معیار و اعلی معیار کی حامل ہوتی ہیں جبکہ پاکستانی چاول اور دوسری زرعی اجناس بھی دنیا میں اپنے اعلی معیار کی وجہ سی بہت پسند کئے جاتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کو ایران میں ایکسپورٹ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت بنائے گئے ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو براہ راست سرمایہ کاری کی سہولیات دی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صنعتکار ان ایکسپورٹ پراسیسنگ زونز میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں دونوں ممالک کی ثقافت مشترکہ اہمیت کی حامل ہیں وہیں ادب میں بھی قدرے مشترک ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کو ایران میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جبکہ جلال الدین رومی کے اقوال اور حکایات سعدی سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارت کے ساتھ تعلیمی وفود، تعلیم ماہرین اورطلبا و طالبات کے ایک دوسرے کی جامعات میں تبادلوں سے عوامی سطح پر رابطے مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر ایران سے طلبا کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان کی جامعات میں تعلیم حاصل کریں اور پاکستانی طلبا کو بھی ایران کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملنے چاہئیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات تقویت بخش ہے کہ ماضی قریب سے بارڈر ٹریڈ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر خود بارڈر پر آئے اور وزیراعظم کے ساتھ مارکیٹس کا دورہ کیا جس سے دونوں ملکوں کے عوام میں بہت اچھا پیغام گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بہتر طریقے سے فائدہ اٹھانے کے لیے مواقع تلاش کرنا ہوں گے ۔
اس موقع پر ایرانی سفیر رضا امیری موغادم نے کہا کہ پاکستان برادر ملک ہے جس کے ساتھ خاص رشتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مذہبی ، ثقافتی اور کئی صدیوں تک ایک زبان کی وجہ سے گہرا تعلق ہے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ سی پیک اچھا منصوبہ ہے اس پراجیکٹ سے پاکستان کی انرجی کی ضرورت پوری ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ انرجی کے شعبے میں اشتراک کر سکتا ہے، دونوں ممالک کے میڈیا کو ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات استوار کرنے چاہئیں۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ جسمانی اعضا کی پیوند کاری میں ایران کا شمار دنیا کے بہترین ممالک میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران میڈیکل اور ٹورازم کے ذریعے روابط مضبوط بنا سکتے ہیں۔ انہوں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی، سیاحتی اور ثقافتی تعلقات کو نئی وسعتوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔