یوم دفاع 6 ستمبر شایان شان و بھرپور انداز سے منایا جائے گا، سیکرٹری محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب و کمشنر لاہور

20

لاہور 01ستمبر(اے پی پی)یوم دفاع کی تقریبات روایتی جوش و جذبے سے منانے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا  و سیکرٹری محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب علی نواز ملک کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ۔۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ باوقار اور خودار اقوام اپنے ہیروز کوہمیشہ بلند آہنگ یاد رکھتی ہیں۔6ستمبر 1965 کے معرکے میں پاکستان کے بہادر عوام و افواج نے دشمن کے ارادوں کو شکست دی۔ بہادری قربانی اور قوم کی یکجہتی کے بنیاد پر 6ستمبر پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ روشن رہے گا۔کمشنرلاہور  نے کہا کہ یوم دفاع کی مناسبت سے حکومتی و شہری سطح پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب علی نواز ملک نے کہا کہ الحمرا آرٹس کونسل میں یوم دفاع کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔کمشنر لاہور نے بتایا کہ یوم دفاع کی نسبت سے بہادر قوم کو ملنے والے  ہلال استقلال پرچم تقرئب کا انعقاد ٹاؤن ہال میں ہوگا اورتقاریب میں 1965 کی جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے معروف گلوکار و سپر سٹار ملی نغمے و ترانے پرفارم کریں گے۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاواکا مزید کہنا تھا کہ تقریب میں افواج پاکستان و پولیس کے شہداء کی فیملیز کو مدعو کیا جائے گا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جاوید رشید چوہان۔سی او ایم سی ایل سید علی عباس بخاری۔ ڈائریکٹرایم سی ایل کلیم یوسف۔ضلعی انتظامیہ ، آرٹس کونسل، ایم سی ایل، ایل ڈی اے و دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔