قصور،24 اکتوبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو اور انکی ٹیم کی ملاقات، آئی جی پنجاب کی ڈکیتی، قتل سمیت دیگر کیسز کامیابی سے ٹریس کرنے پر قصور پولیس کو شاباش دی۔پولیس ترجمان قصورنے ”اے پی پی“کوبتایاکہ ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو نے پولیس اسٹیشن ڈائریز کے تحت رواں برس ضلعی پولیس کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ پولیس نے رواں برس کے دوران ڈکیتوں اور مجرمان سے وارداتوں میں لوٹا گیا 22 کروڑ کا مال مسروقہ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا‘تھانہ سٹی چونیاں نے اٹھارہ برس سے مفرور 03 خطرناک اشتہاریوں کو کراچی سے گرفتار کیا،قصور پولیس نے 10 بلائنڈ مرڈر واقعات سمیت مجموعی طور پر قتل کے 86 مقدمات ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات جوڈیشل بھیجا۔ رابری معہ قتل کے 12 میں سے 11 واقعات کے ملزمان گرفتار کرکے حوالات بھجوائے، بچوں سے متعلقہ جرائم کے 31 مقدمات کے ملزمان گرفتار کئے۔سیالکوٹ ڈسکہ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث خطرناک ملزمان کو ضلع قصور سے 4 گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا۔تھانہ صدر پتوکی میں بچے کے اغواء برائے تاوان کے ملزمان کو 03 گھنٹوں میں گرفتار، بچہ بحفاظت بازیاب کروایا گیا۔ آئی جی پنجاب کی ڈکیتی، قتل سمیت دیگر کیسز کامیابی سے ٹریس کرنے پر قصور پولیس کو شاباش دی۔اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور انسداد جرائم کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ جاری رکھا جائے۔ شہریوں کیلئے پبلک سروس ڈلیوری کو موثر حکمت عملی سے مزید آسان بنایا جائے۔