سیالکوٹ۔9اکتوبر(اے پی پی):سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آزادی فلسطین کا حق ہے،حماس نے تحریک آزادی فلسطین کی تحریک میں سنگ میل طے کیا ہے،فلسطینوں نے اپنے جانوں کے نذرانے دے کر اسرائیل کے سات سو افراد کو ہلاک کیا، اسرائیل مسلمانوں کاقتل عام کر رہا ہے،یوکرائن جنگ کی مذمت کرنےوالے ممالک کی فلسطین جنگ کے بارے میں زبانیں بند ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطین جنگ پر ٹویٹ کیا تھا۔ نریندر مودی نے دہشت گردوں کے حق میں بیان دیا۔ ایک دہشت گرد نے دوسرے دہشت گرد کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے معاملے پریورپی یونین کی منافقت سب کے سامنے ہے۔ یورپی یونین ایک دہشت گرد ملک کی حمایت میں بیان دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے وقت ان کے معیار بدل جاتے ہیں۔عراق ،یمن ،شام اور لیبیا تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو یکجا ہونا چاہئے۔ آزادی فلسطین کا حق ہے۔ پاکستانی عوام کی محبت فلسطین کے ساتھ ہے۔ پاکستان اسرائیل کے ساتھ کبھی تعلقات استوار نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل فلسطین معاملے کو التوا میں رکھے گی۔ یہ سلامتی کونسل نہیں منافقت کونسل ہے۔ مسلم ممالک پر سلامتی کونسل کی کسی قراداد پر کوئی عمل نہیں ہواانہوں نے کہا کہ تینتیس سال سے انکو عراق میں کوئی بم نہیں مل سکا ۔فلسطینوں کی منزل قریب ہےان کی یہ تحریک اب اپنے منتقی انجام تک پہنچے گی۔











