ملتان، 23 اکتوبر(اے پی پی ): آٹھویں جیپ ریلی 9 سے 12 نومبر تک منعقد ہوگی، آٹھویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی 2023 میں خواتین ریسرز اور بائیکرز کی نئی کیٹگریز متعارف کرانے کا اعلان ،جیپ ریلی میں پہلی مرتبہ گھوڑے بھی ریس میں دوڑتے نظر آئیں گے۔
ایوان تجارت و صنعت ملتان میں 8ویں تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی 2023 کے حوالے سے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے جنرل منیجر آپریشن واحد ارجمند ضیاء ایونٹ منیجر نعمان احمد، ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی ملتان اشعر اقبال ملک، وائس پریزیڈنٹ ایوان تجارت و صنعت ملتان شیخ عاصم سعید، سابق وائس پریزیڈنٹ ایوان نوید احمد چغتائی، انس خان خاکوانی، گوہر سانگی، مصباح اسحاق، شیخ اعجاز اور سیکرٹری ایوان محمد شفیق سمیت دیگر موجود تھے ۔
جی ایم ٹی ڈی سی پی واحد ارجمند ضیاء نے کہا کہ ہیڈ محمد والا کے قریب صحرائے تھل میں گزشتہ سات سالوں سے تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کامیابی سے منعقد ہو رہی ہے اس سال آٹھویں جیپ ریلی 9 سے 12 نومبر تک منعقد ہوگی اس چار روزہ جیپ ریلی میں ملک بھر سے 100 کے لگ بھگ موٹر ریسرز حصہ لیں گے ۔
جی ایم ٹی ڈی سی پی واحد ارجمند ضیاء نے کہا کہ 9 نومبر کو ریس میں حصہ لینے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹیگنگ کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل ایگزامینیشن اور ڈرائیورز نیویگیٹرز کا میڈیکل چیک اپ ہوگا ،اسی روز رات سات سے 9 بجے ڈرائیورز/ نیوی گیٹرز کانفرنس اور ڈراز ہوں گے 10 نومبر کو کوالیفائنگ گراؤنڈ، 11 نومبر کو سٹاک کیٹگری کی ریس ہوگی۔12 نومبرکو پری پیئرڈ اور وومن کیٹگریز کی ریس ہوگی جبکہ اسی روز بائیک ریس بھی ہوگی اور رات آٹھ بجے مظفرگڑھ میں تقریب تقسیم انعامات منعقد ہوگی جس میں پوزیشن حاصل کرنے والے موٹر ریسرز میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس سال جیپ ریلی میں پہلی مرتبہ 30 کلومیٹر ٹریک پر گھوڑوں کی ریس بھی ہوگی جبکہ وومن اور بائیک ریس کی نئی کیٹگریز متعارف کرائی گئی ہیں اس کے ساتھ ساتھ خواتین کے انعامات کی رقم بھی بڑھا دی گئی ہے صوبہ بھر میں ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب دفاتر میں رجسٹریشن ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ موٹر ریسرز کی سہولت کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
جی ایم ٹی ڈی سی پی واحد ارجمند ضیاء نے کہا کہ اس سال ریلی ٹریک 200 کلومیٹر کے لگ بھگ ہوگا جس میں نئی چھ چیک پوسٹوں کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد چیک پوسٹوں کی کل تعداد 14 ہو گئی ہے، چیک پوسٹوں کی تعداد میں اضافے کا مقصد ٹریک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر ایوان تجارت و صنعت ملتان کے وائس پریزیڈنٹ شیخ عاصم سعید نے کہا کہ ملتان کے قریب صحرائے تھل میں جیپ ریلی کا کامیاب ایونٹ خوش آئند ہے جس سے علاقے کی معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور لوگوں کو روزگار کے بھی نئے مواقع جات حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کو فیملی ایونٹ کے طور پر بھی ترتیب دیا جائے تاکہ بچے اور خواتین بھی اس ایونٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔