چترال،20 ستمبر(اے پی پی):امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل کی یہودی فوج غزہ اور فلسطین کے نہتے مسلمانوں پر بم برسارہے ہیں، فلسطین کے مسلمانوں پر ہزاروں ٹن بم برسائے گئے ہیں جن میں وہ بچے بھی شہید ہوئے جوابھِی اس دنیا میں پیدا بھی نہیں ہوئے تھے اور ماوں کی رحم میں ان کو مارا گیا۔
ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ میں جسمانی لحاظ سے چترال میں ہوں مگر میری سوچ، میری روح، میرا ذہن اس وقت فلسطین اور غزا میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری آنکھوں کے سامنے پچیس ہزار مسلمان بارود میں جل رہے ہیں، پانچ دنوں میں چھ ہزار سے زیادہ بم برسائے گئے ہیں، چار ہزار ٹن بارود پھینکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی انکھوں سے دیکھ رہے ہیں کہ جو عمارتیں آسمان سے باتیں کررہی تھِی وہ بمباری کی وجہ سے زمین بوس ہورہی ہیں، ماؤں کے گود میں بچے پانی اور دودھ کیلئے ترسنا تو دور کی بات ہے اب تو ان کو دفنانے کیلئے کفن تک ان کے پاس نہیں ہے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سولہ سالوں سے ایک قوم کا محاصرہ ہے، اس وقت تین لاکھ سے زیادہ فوج غزا کے دیوار کے ساتھ تیار کھڑی ہے، رات دن آگ کے شعلے برسارہے ہیں،مریکی وزیر خارجہ وہاں گئے تو ان کا کہنا ہے کہ میں امریکی وزیر کے حیثیت سے نہیں بلکہ ایک یہودی کی حیثیت سے اسرائیل کے ساتھ یکجہتی کے طور پر آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جو نام نہاد ادارے انصاف اور امن کا نام لے رہے ہیں وہ سب خاموش ہیں کیونکہ فلسطین میں مسلمان کا خون بہہ رہا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کو حضرت عمر فاروق ؓ جیسے رہنماء کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بمباری کی وجہ سے ایسے بچے بھی مارے گئے جوابھی اس ظالم دنیا میں پیدا بھی نہیں ہوئے تھے وہ ماوں کے پیٹ میں مارے گئے ، اسلیے کہ وہ مسلمان کے بچے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسرائیل صرف پاکستان کے نام سے خوف زدہ ہے ۔ انہوں نے تمام مسلمانوں پر زور دیا کہ جس طرح یہودی اور اسلام دشمن عناصر مسلمانوں کے خلاف ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کررہے ہیں ہمیں بھی چاہیے کہ ہم سب مسلمان اکھٹے ہوکر ان اسلام دشمن عناصر کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اللہ کا دیا ہوا سب کچھ ہے مگر بد قسمتی سے مخلص لیڈرشپ کی فقدان کی وجہ سے ہم کچکول لیکر ائی ایم ایف اور امریکہ کے در پر کھڑے ہیں، اگر پاکستان کو ترقی دینا ہے تو جس مقصد کیلئے اور جس نام پر پاکستان بنا تھا یہاں اسی نظام کو نافذ کرنا چاہیے، جب تک پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ نہیں ہوتا، سودی نظام کا خاتمہ نہیں ہوتا ہمارے ساتھ یہی ہوگا جو آپ دیکھ رہے ہیں اور سودی نظام کے خاتمے تک ہمارے ساتھ غیبی امداد بھی نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جہاں چھوٹے سے لیکر بڑے تک سب خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں۔ ورکرز کنونشن سے ضلعی امیر جماعت اسلامی مولوی جمشید، سابقہ رکن قومی اسمبلی مولوی عبدلاکبر چترالی سابقہ ضلع ناظم مغفرت شاہ اور مولوی ہدایت اللہ نے بھی اظہار حیال کیا۔اس سے پہلے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گولدور میں طالبات کے دینی مدرسہ جامعہ المحصنات کا افتتاح کیا اس موقع پر خواتین ونگ کی دردانہ صدیقی اور دیگر رہنماوں نے بھِی خواتین سے اظہار خیال کیا۔
سراج الحق نے تحصیل دروش میں بھی ورکرز کنونشن اور مجلس قائمہ سے خطاب کیا۔ اس کنونشن میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جو بعد میں دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔