پاکستان اور چین کی دوستی  کامنفرد رشتہ اعتماداور باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہے؛نگران وزیراعظم

12

اورومچی،20اکتوبر  (اے پی پی):نگران وزیراعظم  انوارالحق کاکڑ  نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی  کامنفرد رشتہ اعتماداور باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہے،سنکیانگ صرف  تجارتی اور مواصلاتی راہداری نہیں بلکہ دو عظیم قوموں کو جوڑنے کاباعث بھی ہے،چین میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلباء پاکستان میں سیاحت کے فروغ  کے لئے کردار ادا کریں۔

جمعہ کو اپنے دورہ چائنہ کے دوران سنکیانگ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء سے خطاب کرتےہوئے  نگران وزیراعظم  نے کہاکہ  پاکستان چین سےلازوال تزویراتی شراکت دی کو مزید وسعت دینے کے عزم  کااعادہ کرتا ہے، سنکیانگ صرف  تجارتی اور مواصلاتی راہداری نہیں بلکہ دو عظیم قوموں کو جوڑنے کاباعث بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ہونے کے ساتھ ساتھ مشترکہ ثقافت کی وجہ سے سنکیانگ پاکستانیوں کے دلوں میں خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ خنجراب بارڈر پاکستان اور چین کو ایک دوسرے سے منسلک کرتا ہے، پاکستان اور چین کی دوستی  کامنفرد رشتہ اعتماداور باہمی احترام کی بنیاد پر استوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے، سی پیک بی آر آئی کے تحت ایک جامع منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطوں سے علاقائی امن کو فروغ ملے گا، سی پیک میں گوادر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے،سی پیک سےصنعتی ترقی، روزگار، معدنیات اور آئی ٹی کو فروغ ملے گا۔

نگران وزیراعظم  انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ خنجراب اور سوست بارڈر تجارت کے لئے مزیدسہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہیں۔

 بعدازاں  سنکیانگ یونیورسٹی میں  طلباء  سے ملاقات میں گفتگوکرتےہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ  کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلباء سنکیانگ میں تعلیم حاصل کریں، سیاحت کےفروغ کے لئے دو طرفہ  اقدامات کئے جائیں گے، چین انتہائی خوبصورت ملک اور اچھے لوگوں کا معاشرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کی ترقی کا اہم جزو ہیں، ترقی کےلئے زندگی کامقصد متعین کرناہو گا، چینی طلبہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ  کے لئے کردار ادا کریں، باہمی شراکت داری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مستحکم سے مستحکم ہوتی چلی جا رہی ہے۔