اوکاڑہ،19اکتوبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ مسافروں کے لئے بس اڈوں ، ویگن اسٹینڈ پر سہولیات کی فراہمی کے لئے طے شدہ ایس او پیز کی پیروی اور پنجاب حکومت کے ٹرانسپورٹ سے متعلقہ قوانین کی پابندی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا طے شدہ کرایہ سے زیادہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اڈوں ، ویگن اسٹینڈ کی سیکیورٹی ،محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی گئی حفاظتی اقدامات سے متعلق ہدایات کی پیروی ،مسافروں کے بیٹھنے کے لئے صاف ستھری انتظار گاہ اور بہترین صاف ستھرے وا ش رومز کی فراہمی کے سلسلہ میں فیلڈ سٹاف بھر پور اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران بشیر ،چیف آفیسر عمر نسیم سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے جنرل بس اسٹینڈ میں جاری ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیتے ہوئے ہدائیت کی کہ جنرل بس اسٹینڈ کو جدید طرز پر اپ گریڈ کیا جائے جنرل بس اسٹینڈ پر بنچوں کی تعداد بڑھائی جائے اور ترقیاتی کام میں مٹیریل کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ اس موقع پر انہوں نے بس اسٹینڈ میں موجود مسافروں سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد نئے کرایوں سے متعلق بھی استفسار کیا ۔ انہوں نے ہدائیت کی کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد مسافروں سے نوٹیفائی کرایوں کے مطابق کرایہ وصول کیا جائے بصورت دیگر زائد کرایہ لینے والوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ مزید کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔