کوئٹہ، 23 اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نےکہا ہے کہ مجھ سمیت ہر فرد کے لئے بے گناہ مزدوروں کا قتل ایک تکلیف دہ واقعہ تھا ،بلوچستان حکومت صوبے میں بحالی امن اور عوام کے جانی و مالی تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے پیر کو تربت میں میڈیا سے بات چیت کرتےہوئے کیا۔ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور تربت واقعہ کی اب تک ہونے والی تحقیقات اور پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں ہونے والے فیصلے اہم نوعیت کے ہیں جو قبل از وقت نہیں بتائے جاسکتے باہر سے آنے والے مزدوروں کا ڈیٹا اکھٹا کیا جاررہا ہے ،روزگار کے لئے دور دراز علاقوں سے آنے والے ان مزدوروں کے تحفظ کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ گزشتہ دنوں یہاں بے گناہ مزدوروں کی شہادت کا المناک واقعہ پیش آیا،علاقے کے ایس پی کو روز اول میں نے معطل کرکے مزدوروں کے قتل کے واقعہ کی جوائنٹ انویسٹیگیشن شروع کردی ہے، واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اس گھناونے واقعہ میں ملوث عناصر اور ان کے معاونت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو کوئی رعایت نہیں کی جائے گی ،مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سیکورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی روز وقوعہ یہاں آنا چاہتا تھا تاہم ضروری سمجھا کہ پہلے میتوں اور واقعہ میں زخمیوں دیگر مزدوروں اور ان کے لواحقین کو ان کے آبائی شہر بھیجوایا جائے، پہلے روز ہم نے حکومت بلوچستان کے سرکاری جہاز کو زخمیوں اور شہداءکے ورثاءکے ہمراہ ملتان بھیجا۔