بھکر،25اکتوبر(اےپی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا ہے کہ نمبردار کسی گاؤں یا علاقہ میں بطور سرکاری نمائندہ اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے ،نمبرداری نظام کا بنیادی مقصد عوامی فلاح و بہبود کیلئے حکومتی فراہم کردہ مختلف سروسز لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر منظم انداز کیساتھ پہنچانا ہے ۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ضلع کونسل ہال میں نمبرداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بھکر رانا غلام مرتضیٰ بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ نمبردار کا کردار نہایت خصوصی اہمیت کا حامل ہوتا ہے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اب گاؤں چمکیں گے پروگرام میں نمبرداروں کیجانب سے پیش کردہ خدمات قابل ستائش ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے نمبرداروں کو انکے فرائض اور اہمیت سمیت عوامی خدمت کے مختلف پروگرامز پر عملدرآمد اور انکی ذمہ داریوں بارے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے فرائض کی کماحقہ ادائیگی کیلئے بطور خاص تاکید کی ۔ انہوں نے لائیوسٹاک ،ہیلتھ ،سموگ ،شجرکاری مہم ،ناجائز تجاوزات کے خاتمہ اور دیگر انتظامی امور کے حل کے حوالہ سے نمبرداروں کے خصوصی کردار،محنت ولگن اور دلچسپی کو پنجاب کے دیگر اضلاع کیلئے قابل تقلید قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ نمبردار اپنے فرائض کی ادائیگی کو اسی تسلسل کیساتھ جاری رکھیں ضلعی انتظامیہ عوام الناس کی بہتری کے حصول کیلئے آپکی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی ۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے نمبرداروں سے مسائل کے حل کیلئے تجاویز بھی طلب کی اور انکے حل کیلئے مکمل یقینی دہانی کروائی ۔











