بھکر؛ محکمہ بہبود آبادی کیجانب سے صحافیوں کیساتھ آگاہی سیشن کا انعقاد

14

 

بھکر،30اکتوبر(اے پی پی ):محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی ہدایت پر ضلعی دفتر بہبود آبادی میں ضلع بھکر کے نامور صحافیوں اور کالم نگاروں کے ساتھ آگاہی سیشن کا انعقاد ہوا۔ جس میں ضلع کے نامور صحافیوں و کالم نگاروں سوشل میڈیا ایکٹویسٹ اور الیکٹرونک میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حبیب الرحمن اولکھ نے تقریب  سے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی ایک قومی مسئلہ ہے جس سے ملک میں معاشی اور معاشرتی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آبادی اور وسائل میں توازن پیدا کرکے ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کے ضلع میں قائم فیملی ہیلتھ کلینک، موبائل سروس یونٹ، فیملی ویلفیئر سینٹرز اور فیلڈ سٹاف کے بارے میں تفصیلی شرکاء کو آگاہ کیا۔

اس مو قع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پاپولیشن ویلفیئر محمد رمضان اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیشن کا بنیادی مقصد پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا / کالم نگاروں سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل اور حل کے بارے میں تجاویز طلب کرنا ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ وہ اس قومی مسئلہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے اپنے چینلز اور اخبارات کے توسط سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ملکی معیشت پر اثرات،ماں بچے کی صحت اور پیدائش میں وقفے کی اہمیت کے بارے عوام میں شعوربیدار کریں اور کالم بھی لکھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں بے روزگاری کی سب سے بڑی وجہ بڑھتی ہوئی آبادی ہے جیسے جیسے آبادی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اس کے ساتھ ہی معاشی مسائل میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرز کی آگاہی مہم اور سمینارز کا انعقاد تسلسل کیساتھ جاری ہے۔

تقریب کے آخر میں الیکٹرونک، پرنٹ اور سوشل میڈیا چینل سے تعلق رکھنے والے تمام صحافیوں نے اس بات کا بھرپور اعادہ کیا کہ وہ اس قومی مسئلے پر قابو پانے کے لیے اپنے اخبارات اور چینل کے ذریعے عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں گے تاکہ ہمارا ملک معاشی اور معاشرتی طور پر ترقی کرسکے۔