بھکر؛ ڈپٹی کمشنر کی فرٹیلائزر کمپنیوں کو کوٹہ کے مطابق تمام ڈیلرز کی فرٹیلائزر بلا تفریق بک کرنے کی ہدایت

31

بھکر،23 اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے فرٹیلائزر کمپنیوں کو پابند کیا کہ وہ بھکر کے کوٹہ کے مطابق تمام فرٹیلائزر ڈیلرز کی فرٹیلائزر بلا تفریق بک کریں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے فرٹیلائزر ڈیلرز اور فرٹیلائزر کمپنیوں کے نمائندوں سے خصوصی ملاقات کی ۔اس موقع پر  محکمہ زراعت توسیع کے افسران اورصدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف بھی موجود تھے۔

اس موقع پر فرٹیلائزر کمپنی کے نمائندوں نے اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ وہ بکنگ کے بعد 15 دن میں کھاد کی سپلائی بھکر میں فراہم کریں گے اور تمام فرٹیلائزرز ڈیلرز کنٹرول قیمت پر کاشتکاروں کو فرٹیلائزرز کی فراہمی کا عمل یقینی بنائیں گے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر شوکت علی عابد نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا کہ امسال بھکر میں پانچ لاکھ ایکڑز پر گندم کی کاشت کی جائے گی جس کے لیے ساڑھے پانچ ہزار ڈی اے پی اور ساڑھے سات ہزار بوری یوریا کھاد درکار ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے ڈیلرز کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی جنہوں نے یوریا کی موجودگی کے باوجود سیل کو بند کیا ہوا ہے۔انہوں نے مزید ہدایت جاری کیں کہ تمام  کاشتکاروں کو کنٹرول ریٹس پر کھاد کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورتِ دیگر غیر معاون ڈیلرز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔