بیگم گورنر پنجاب عائشہ بلیغ سے اولڈ ایج ہوم میں زندگی بسرکرنے والی خواتین کی ملاقات

21

لاہور، 22 اکتوبر(اے پی پی): بیگم گورنر پنجاب عائشہ بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں اولڈ ایج ہوم میں زندگی بسرکرنے والی خواتین نے ملاقات کی۔

بیگم گورنر عائشہ بلیغ  نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدین ہمارے لیے سب سے بڑا اثاثہ ہیں اور ہماری زندگی کی روشنی ہیں۔

دنیا میں کوئی بھی آپ کو آپ کے والدین سے زیادہ پیار نہیں کرسکتا۔ ہمارے مذہب میں اولاد کو والدین کے ساتھ حسن سلوک اور  خوش اسلوبی سے پیش آنے کی خاص تاکید کی گئی ہے۔  اللہ تعالی فرماتا ہے: “اور والدین کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آو، اور ان میں سے کوئی ایک یا دونوں تمہارے سامنے بڑھاپے کی عمر تک پہنچ جائیں تو انہیں اف تک نہ کہو، نہ انہیں جھڑکو اور ان سے احترام سے بات کرو”۔

بیگم گورنر پنجاب نے کہا کہ والدین توقع کرتے ہیں کہ ان کے بچے بڑھاپے میں ان کی دیکھ بھال کریں گے۔  ہمارے معاشرے میں لوگوں کی اکثریت اپنے والدین کا احترام اور ان کی اچھی دیکھ بھال کرتی ہے۔ لیکن بدقسمتی سے ایسے لوگ بھی ہیں جو اپنے والدین کو نظر انداز کردیتے ہیں،اور اپنے ساتھ رکھنا ایک بوجھ محسوس کرتے ہیں۔

 عائشہ بلیغ نے کہا کہ زیادہ تر معاملات میں بچوں کا سرد ررویہ ہی والدین کو اولڈ ایج ہومز میں جانے پر مجبور کرتا ہے۔ والدین کے لیے یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں ہوتا لیکن انہیں ان گھروں میں منتقل ہونا پڑتا ہے جب وہ مزید توہین برداشت نہیں کرسکتے۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہماری نئی نسل مادیت پسند ہوتی جارہی ہے اور والدین کے ساتھ ان کا رویہ بدلتا جارہاہے۔ بیگم گورنر نے کہا کہ والدین کا احترام اور ان کا خیال رکھنا ہمارا اولین فرض ہے، ہم زندگی میں جو کچھ بھی ہیں اپنے والدین کی وجہ سے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ والدین اولاد کی خاطر بہت قربانیاں دیتے ہیں۔

اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب نے بزرگ خواتین کو گورنر ہائوس کی تاریخی عمارت کا دورہ کرایا

بیگم گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس آپ کا اپنا گھر ہے ، آپ لوگ جب چاہیں مجھ سے ملنے آسکتی ہیں۔ بزرک خوانین بیگم گورنر کے ساتھ اپنے دل کی باتیں شیئر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

بزرگ خواتین نے بیگم گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اولڈ ایج ہوم آنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر بیگم گورنر پنجاب نے بزرگ خواتین کو تحائف بھی پیش کیے۔