تربت،23اکتوبر(اے پی پی ): نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی پیر کو ایک روزہ دورہ تربت کے دوران شہر کی مرکزی پبلک لائبریری اور لا کالج گئے جہاں انہوں نے طلبہ سے ملاقات کی اور مختلف کلاسز کا دورہ کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تربت پبلک لائبریری میں زیر مطالعہ طالب علموں کے شوق مطالعہ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مکران میں علمی شعور اور تعلیمی ترقی کے لئے عوامی شراکت داری کو سراہا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے برقی مشکلات کے مستقل ازالے کے لئے تربت پبلک لائبریری کو سولرائزڈ کرنے کا اعلان کیا جبکہ عالمی آن لائن لائبریریوں سے کنیکٹیوٹی کی بحالی کے لئے انٹر نیٹ کی ورتھ میں اضافے کے احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے چائنہ ایمبیسی کی جانب سے تربت پبلک لائبریری کے لئے کتابوں کا تحفہ کالج انتظامیہ کے حوالے کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ نے لا کالج تربت کا بھی دورہ کیا اور جاری کلاسز کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کو لا کالج تربت کے پرنسیپل ڈاکٹرگل حسن نے کالج سے متعلق بریفننگ دی۔
لا کالج دورے کے موقع پر طالب علموں کی خواہش پر نگران وزیر اعلیٰ نے حکومت بلوچستان کے اخراجات پر طالب علموں کو آل پاکستان مطالعاتی دورہ کرانے کا اعلان کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے لا کالج تربت میں یادگاری پودا لگایا اور دعا کی۔ اس موقع پر نگران وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی، کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی، ڈی آئی جی مسرور عالم، ڈپٹی کمشنر کیچ محمد حسین بلوچ، لا کالج کے پرنسپل ڈاکٹر گل حسن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔