تھرپارکر،24اکتوبر(اے پی پی ):کمشنر فیصل احمد عقیلی نے ڈسٹرکٹ کے تمام ضلعی افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے موجودہ وسائل میں رہتے ہوئے مربوط کوارڈینیشن کے ساتھ تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈسٹرکٹ تھرپارکر کے دورے کے موقع پر متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران اور روینیو افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اداروں کی بہتر کارکردگی کے لیے ضروری ہے کہ اس میں پبلک اونر شپ کو بھی شامل کیا جائے کیونکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے ہی معاشرے میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
کمشنر فیصل احمد عقیلی نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ تھرپارکر کی عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے، ڈینگی ملیریا اور دیگر بیماریوں کے ضمن میں توجہ دی جائے اور ہسپتالوں اور دیگر صحت کے مراکز کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت دی کہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا انکی زمہ داریوں میں شامل ہیں اس ضمن میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے اور جو بھی ممکنہ طور پر آر او پلانٹس کی مجموعی فعالیت سے متعلق حل ہو عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر کام کیا جائے۔
کمشنر فیصل احمد عقیلی نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اسکولوں اور کالجوں میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دیں کیونکہ یہ بچوں کی صحت اور تربیت کے لیے ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں شجر کاری بھی کی جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے محکمہ جنگلات کے ضلعی آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ اربن فوریسٹی کے لیے بھی پلاننگ کریں اور تعلقوں میں اربن فوریسٹی کے لیےاسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ منصوبے بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری و تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں جائیں اور اس کا ریکارڈ بھی رکھا جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ کس نے مالکی کی ہے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے آفیسر کو کہا کہ وہ عوامی طور پر بھی شجرکاری کے لیے کام کریں اور لوگوں تک اپنا پیغام پہنچانے کے لیے عملی قدم اٹھائیں۔
کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کے بعد عام آدمی کو فائدہ پہنچانے کے لیے روز مرہ استعمال کی اشیاء خورد و نوش کو مقررہ کردہ قمیتوں پر فروخت یقینی بنائی جائے، ذخیرہ اندوزی اورناجائز منافع خوری کو روکا جائے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی لانے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کریں تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ جاری ترقیاتی اسکیمیں جس بھی ادارے کی ہو وہ خود بھی اس اسکیم کی مالکی کرئے تاکہ اسے جلد اور معیاری طور مکمل کیا جائے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے ڈسٹرکٹ کے مسائل و مسائل سمیت روینیو انٹریز اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں موجود محکمہ صحت ، پی پی ایچ ائی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، محکمہ تعلیم، ٹرانسپورٹ ، جنگلات ، لائیو اسٹاک ،خوراک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے محکموں کے مسائل اور امور سے متعلق تفصیلی طور پر ڈویژنل کمشنر میرپورخاص کو آگاہ کیا۔