ملتان،03اکتوبر(اے پی پی):جنوبی پنجاب میں سرکاری دفاتر میں خواتین کے لئے پنک ٹائلٹس کے قیام کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے،ہائی ویز اور دیگر پبلک مقامات پر بھی پنک ٹائلٹس قائم کی جائیں گی ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کی ہدایت پر پلان کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
اس سلسلے میں سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب امجد شعیب خان ترین کی زیر صدارت منصوبے بارے جائزہ اجلاس منعقدہوا۔
سیکرٹری سروسز امجد شعیب خان ترین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورکنگ وومن اور وزٹر وومن کے لئے سرکاری دفاتر میں 433 پنک ٹائلٹس تعمیر کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے، یہ نئی ٹائلٹس مختلف اضلاع میں سرکاری دفاتر میں تعمیر کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں ہائی ویز اور دیگر مقامات پر بھی خواتین لئے پنک ٹائلٹس قائم کی جائیں گی۔
امجد شعیب خان ترین نے بتایا کہ یہ منصوبہ صنفی مساوات کے حوالے سے جینڈر ایکشن پلان پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں سرکاری دفاتر میں خواتین کے لئے پہلے سے 450 الگ بیت الخلاء موجود ہیں۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو پنک ٹائلٹس کی تعمیر بارے ایک ہفتے میں ایکشن پلان جمع کرانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایکشن پلان میں تخمینہ لاگت اور بجٹ کی تفصیل بارے بھی آگا کیا جائے۔
امجد شعیب خان ترین نے مزید کہا کہ سرکاری دفاتر میں خواتین کے لئے پہلے سے موجود ٹائلٹس کی صورتحال بھی بہتر بنائی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں سرکاری دفاتر میں ڈے کیئر سنٹر اور خواتین کے لئے الگ ویٹنگ ایریاز مختص کئے جائیں گے۔
ایڈیشنل سیکرٹری بسپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر سعدیہ مہر نے اجلاس کو منصوبے بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ ڈے کئیر سنٹر وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹنمنٹ کےذریعے قائم کئے جائیں گے۔
ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب نےہائی ویز پر واقع 134پٹرول پمپس پر پنک ٹائلٹس قائم کرنے کا پلان تیار کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہائی ویز پر پنک ٹائلٹس محکمہ لوکل گورنمنٹ اور پٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے قائم کی جائیں گی۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر سعدیہ مہر، ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن محمد فاروق ڈوگر، ایڈیشنل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قمرالزمان قیصرانی،ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن عطاء الحق،سیکشن آفیسرز وجیہ رسول،مس بریحہ اور لوکل گورنمنٹ اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران شرکت کی۔