جوہرآباد ،یکم اکتوبر(اے پی پی ) ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم نے کہاکہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل ان کے پاس جا کر سننا اور عوام کی حکام تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔
وہ قائدآباد میں منعقدہ ایک کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ آپ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے مسائل مجھ سمیت افسران تک براہ راست پہنچا سکتے ہیں اور ان مسائل کو میرٹ اور قانون کے مطابق فوری طور حل کر کے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ملازمین اپ کے خادم ہیں کسی کو بھی اختیارات سے تجاوز کی اجازت نہیں لیکن عوام کابھی فرض ہے کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں قانون کی عملداری کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
ڈی پی او خوشاب نے کہا کہ قانون کی عملداری کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائیگا، آخر میں ڈی پی او خوشاب نے کھلی کچہری میں موجود لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔
کھلی کچہری کے شرکا نے ڈی پی او خوشاب کا کھلی کچہری کے انعقاد پرشکریہ ادا کیا اور اسے عوام اور حکام کے درمیان باہمی رابطہ کا ذریعہ قرار دیا کھلی کچہری میںڈی ایس پی قائدآباد کے علاوہ ایس ایچ اوز قائدآباد اور مٹھہ ٹوانہ بھی موجود تھے۔