ڈیرہ غازی خان،04 (اے پی پی): ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ہےکہ حکومت نے جنوبی پنجاب کو دوبارہ کاٹن بیلٹ میں بدل دیا ہے،رواں برس کپاس کی 125 فیصد زیادہ گانٹھیں حاصل ہونے کی توقع ہے، ڈیرہ غازیخان کے راستے کھاد کی سمگلنگ روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازیخان کے مختلف زرعی علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی کے پیش نظر اس سال پنجاب میں گندم کی پیداوار کا ہدف 50 ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کے لئے کھاد اور پانی کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
کیپٹن( ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب میں زرعی شعبے نے ریکارڈ ترقی کی ہے اور اس سال کپاس کی مجموعی پیداوار کا تخمینہ70 لاکھ گانٹھیں لگایا گیا ہے جبکہ اب تک کپاس کی فصل سے 33لاکھ66 ہزار گانٹھیں حاصل کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی بہترین فصل قیمتی زرمبادلہ کے حصول کا باعث بنے گی جس ملکی معیشت کو سنبھالا ملےگا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں چاول کی پیداوار گزشتہ برس کے مقابلے میں دو گنا ہو گئی ہے اور اس سال 2 ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کیا جائے گا جسے آئندہ دو برس میں 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ انہوں نےبتایاکہ فوڈ سیکیورٹی کے پیش نظر اس سال پنجاب میں گندم کی پیدا وار کا ہدف 50 ملین ٹن مقرر کیا گیا ہے اور یہ ٹارگٹ حاصل کرنے کے لئے کھاد کی قلت نہیں ہونے دی جائے گی۔
کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ڈی جی خان کے راستے کھاد کی سمگلنگ روکنے کے لئے چیک پوسٹوں کی مانیٹرنگ کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی سمگلنگ میں سہولت کاری فراہم کرنیوالے سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں گے اور انہیں نوکری سے برخاست کردیا جائے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے” اب گاوں چمکیں گے” مہم کے تحت سمینہ سادات میں صفائی کا جائزہ بھی لیا۔