اسلام آباد،9اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے کہاہے کہ ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے خسارے کا شکارقومی ملکیتی اداروں کی فوری نجکاری ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نگراں وفاقی وزیرِ نجکاری فواد حسن فواد سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیرِ نجکاری نے وزیرِاعظم کو خسارے کے شکار قومی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے عمل پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔
وزیرِاعظم نے خسارے کے شکار قومی ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کی نجکاری کے عمل کو تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے خسارے کے شکار اداروں (ایس او ایز) کی فوری نجکاری ضروری ہے، اس امر میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا کردار لائق تحسین ہے ۔











