سانگھڑ ، 24 اکتوبر (اے پی پی):پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیض محمد مری کی قیادت میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر آفس سے سول ہسپتال کے مین گیٹ تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سانگھڑ کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے اور ہم مستقبل کے معماروں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر والدین سمیت ہر ایک مکتب فکر کے لوگوں کو اپیل کی کہ وہ مستقبل کے معماروں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ پولیو سے بچاؤ کا واحد حل ویکسینیشن ہے اس مقصد کے لئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کا ساتھ دیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیض محمد مری اور انچارج لیڈی ہیلتھ ورکرز ڈاکٹر حنا شبیر نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ صحت ضلع کے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور پولیو کے خاتمے کے سلسلے میں بہترین کام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ہیلتھ افسر ڈاکٹر وشنو رام، این سٹاپ ڈاکٹر دیدار خاصخیلی، عالمی ادارہ صحت کانمائندہ ڈاکٹر مرتضیٰ سیال، ای پی آئی انچارج ڈاکٹر محمد فاروق ، وائس پرنسپل نرسنگ کالج سانگھڑ نگہت کے علاوہ بچوں، خواتین، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ڈاکٹروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔