ساہیوال؛فوڈ فورٹیفیکیشن متعلق فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں کے لئے ٹریننگ پروگرام کا انعقاد

28

ساہیوال،18 اکتوبر(اے پی پی): خوراک کی وٹامنز (فوڈ فورٹیفیکیشن) کی اہمیت و فوائد اور اس سے متعلق آگاہی کے سلسلہ میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کی طرف سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں کے لئے ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ ٹریننگ کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کے کوالٹی ایشورنس اور کوالٹی کنٹرول کے نظام کی استعداد بڑھانے کے لیے جدید مشین آئی چیک کروما 3 کے ذریعے خوردنی تیل میں وٹامن اے کی مقدار چیک کرنے پر بھی تربیت دی گئی۔

 اس موقع پر نیوٹریشن انٹرنیشل کے زونل منیجر محمد واصف عمران نے شرکاء کو فوڈ فورٹیفیکیشن کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دی اور کہا کہ فوڈ فورٹیفیکیشن کے ذریعے خوردنی تیل میں شامل کئے جانے والے غذائی اجزاء وٹامن اے اور وٹامن ڈی، ذہنی اور جسمانی نشوونما میں انتہائی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے تربیتی پروگرام کے شرکاء کو گھی اور خوردنی تیل میں موجود وٹامن اے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے فراہم کئے گئے جدید آلات آئی چیک کروما 3 کو استعمال کرنے کے طریقہ کار پر بھی تربیت دی۔

 اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر عمیر ستار نے کہا کہ جدید آلات کی فراہمی اور ان کے استعمال کی تربیت سے پی ایف اے کی فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پاکستان میں لوگوں کی غذائی ضروریات کو بہتر بنانے میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔

 انہوں نے کہا کہ فوڈ فورٹیفیکیشن صحتِ عامہ کو بہتر بنانے کے لئے ایک آسان اور محفوظ طریقہ کار ہے جس کی بدولت قوت مدافعت اور بیماریوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام الناس کو محفوظ غذا کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور اس سلسلہ میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے تعاون کو سراہتی ہے۔