ساہیوال،27اکتوبر (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ ساہیوال کے زیر اہتمام کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اور کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ضلع کونسل ہال سے ڈی سی چوک تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری نے کہا کہ27 اکتوبر پورے پاکستان میں یوم سیاہ کے طور پرمنایا جاتا ہے کیونکہ اس دن بھارتی افواج غیر قانونی طور پر کشمیر میں داخل ہو کرکشمیریوں کی امنگوں پر قابض ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن احتجاج کا مقصد اقوام متحدہ کو باور کروانا ہے کہ کشمیری انصاف کے منتظر ہیں اورکشمیریوں پر جو ظلم و ستم کیا جا رہا ہے وہ عالمی برادری کے ضمیرپر ایک سوالیہ نشان ہے۔
سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل صرف حق خودارادیت میں ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے قومی، ملی اور مذہبی فریضہ کو سرانجام دینے کے لئے اکھٹے ہوئے ہیں تاکہ ہم اپنی آواز کو کشمیریوں کی آواز کے ساتھ ملا کر عالمی برادری تک یہ پیغام پہنچائیں کہ نہ صرف مسلمان بلکہ ہر انصاف پسند شخص اس بات پر کسی طور پر رضا مند نہیں کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو برداشت کیا جائے۔
ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل قیصر سلیم نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور دنیاکی کوئی طاقت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتی۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ساہیوال آرٹس کونسل کی جانب سے کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا اور واک بھی کی گئی۔ واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔











