ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال  میں سورائیسس کے عالمی دن کے موقع پر آگہی واک کا اہتمام

36

ساہیوال، 31 اکتوبر(اے پی پی):ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ ڈرماٹولوجی کی جانب سے سورائیسس (اپرس) کے عالمی دن کے موقع پر اس جلدی بیماری سے متعلق عوامی آگہی کے سلسلہ میں ایک واک کا اہتمام کیا گیا جس میں پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اختر محبوب، شعبہ ڈرماٹالوجی کے سربراہ ڈاکٹر زاہد رفیق اور ڈاکٹر نثار احمد سعیدی سمیت ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسز کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپرس کا عالمی دن منانے کا مقصد لوگوں میں بیماری بارے آگہی پیداکرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک جلدی بیماری ہے جو کہ ایک غیر متعدی یعنی متاثرہ شخص کے چھونے سے نہیں ہوتی اور اس مرض کی شدت کبھی کم اور کبھی زیادہ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا صفائی پر زیادہ توجہ دے کر اور بروقت تشخیص سے اپرس اور دیگر جلدی بیماریوں کے امکانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

 شعبہ ڈرماٹالوجی کے سربراہ ڈاکٹر زاہد رفیق نے بتایا کہ سورائیسس جلد کی سوزش کی بیماری ہے جس میں جسم پر سفید چھلکوں /پیڑیوں والے سرخ دھبے نمودار ہوتے ہیں جو عموماً ٹخنوں، کہنیوں اور جسم کے دیگر حصوں پر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرض عمر کے کسی  بھی حصے میں اور مرد و خواتین میں برابر پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھوت کی بیماری نہیں ہے اور نہ ہی اس سے اندرونی پیچیدگیاں پیداہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی واک کا بنیادی مقصد عام لوگوں اور ڈاکٹرز کو اس مرض بارے آگہی فراہم کرنا ہے تاکہ اسکا بروقت علاج ہو سکے۔