سبی تا ہرنائی ریلوے ٹرین سروس18 سال بعد بحال، نگران وفاقی وزیر ریلوے نے افتتاح کیا

54

 

ہرنائی، 29 اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی اور نگران وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڈ  کے  افتتاح  کے بعد  سبی تا ہرنائی ریلوے ٹرین سروس18 سال بعد بحال ہوگئی ہے ۔سبی سے صبح نو بجے روانہ ہونے والی پہلی پسنجر ٹرین ہرنائی اسٹیشن پہنچ گئی ہے ۔

ہرنائی سبی ریلوے سیکشن 16فروری 2006 سے بند تھی جوکہ وفاقی حکومت، کور کمانڈر ،ائی جی ایف سی نارتھ کی کوششوں سے 17 سال بعد سبی تا ہرنائی ریلوے ٹرین سروس بحال ہوئی۔ سبی روانہ ٹرین کا مختلف مقامات/ریلوے اسٹیشن پر عوام نے ٹرین کا استقبال کیا۔

ہرنائی سبی ریلوے سیکشن کی بحالی پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور وفاقی حکومت وزارت ریلوے حکام کو سیکشن بحالی پر خراج تحسین اور شکریہ ادا کیا۔

 نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان  نے  سبی ہرنائی ریلوے ٹرین کی بحالی کی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ عوام کی امنگوں کے مطابق طویل مدت سے بند سبی، ہرنائی سیکشن کو از سر نو کھولا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو یہ اعزا ز حاصل ہے کہ آج 18سال بعد ہم اسے دوبارہ بحال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کی بحالی سے نہ صرف لوگوں اور سامان کی رسد میں آسانی ہوگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے ۔سبی ہرنائی کے درمیان سڑک کی عدم موجودگی میں ریلوے کی بحالی مسافروں کیلئے کلیدی کردار ادا کرے گی اس سروس سے مریضوں کو بروقت بڑے شہروں میں جانے کی آسانی ہوگی اور ایمر جنسی میں علاج کی سہولیات میسر بھی آسکیں گے۔ اس سیکشن کی بحالی میں عوام کا بھرپور تعاون رہا اس کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ریلوے کا مکمل طور پر ساتھ دیا ٹریک کی بحالی پر ریلوے منسٹر اور ریلوے افسران کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر کو بولان میل جبکہ دوسرے مرحلے میں نواب اکبر خان بگٹی ایکسپریس بحال کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ  بلوچستان کے عوام کو ریلوے کی بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڈ خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ   یہ ریلوے ٹریک فروری 2006میں بند  تھا جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔