سرگودھا یونیورسٹی میں یوم سیاہ کشمیر پر بھارتی بربریت کے خلاف ریلی

42

سرگودھا،27 اکتوبر(اے پی پی ):  یونیورسٹی آف سرگودھا میں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی بربریت کی مذمت کے خلاف ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز، شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات و سیاسیات نے کیا جس کی قیادت وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کی۔ریلی شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان سے شروع ہوئی اور وائس چانسلر آفس کے باہر اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن، چیئرمین ہال کونسل پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، ڈائریکٹر ہم نصابی فورم ڈاکٹر محمد منیر گجر، چیئرمین شعبہ تاریخ ڈاکٹر ابرار ظہور بھٹی، چیئرپرسن شعبہ بین الاقوامی تعلقات و سیاسیات ڈاکٹر آسیہ سیف علوی، ریذیڈنٹ آفیسر فہیم ارشد، مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور کشمیر کے جھنڈے لہرا کر مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے بھارتی سفاکیت کے خلاف آواز بلند کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں، انسانی حقوق کے دعویداروں کو مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی مسلمانوں کے انسانی حقوق کی پامالی دکھائی نہیں دیتی تاہم اقوام عالم یہ جان لے کہ کشمیر میں ظلم و بربریت سے حق کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کی آزادی کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اور وہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم کی چکی میں پسنے سے بچائے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ تاریخ کے چیئرمین ڈاکٹر ابرار ظہور بھٹی نے کہا کہ حکومت پاکستان، پاکستانی عوامی اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے اپنی فوجیں کشمیر میں اتار کر کشمیر پر غیرقانونی اور ناحق قبضہ کیا جو تاحال قائم ہے اور اس دن کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا دور شروع ہوا کہ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے ہی محروم کردیا گیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن نے ریلی کے انعقاد کا مقصد واضح کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی دنیا کے کسی بھی کونے میں مسلمانوں کے ساتھ کوئی غیرانسانی سلوک ہوتا ہے تو ہم پاکستانی انسانی اور اخلاقی ہمدری کے تحت اس ظلم کیخلاف کھڑے ہوتے ہیں۔