لاہور،23اکتوبر (اے پی پی):سموگ کی صورتحال کے تناظر میں پنجاب کے تعلیمی ادارو ں میں اس ہفتے بدھ کو چھٹی نہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پیر کے روز وزیراعلی آفس میں انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقدہواجس میں صوبائی وزرا نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کی بنیاد پر فی الحال بدھ کو چھٹی نہ کرنے پر اتفاق کیاگیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ کودھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف موثرکریک ڈائون جاری رکھنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ سموگ کا سبب بننے والے اینٹوں کے بھٹوں اور فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ مقررکردہ مقدار سے زیادہ دھواں چھوڑنے اور ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کو سیل کیا جائے گا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن کاحکم دیا۔غیر معیاری فیول فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں پر گرد بٹھانے کے لئے تسلسل کے ساتھ پانی کا چھڑکائو کیا جائے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کیلئے ریت اوربجری کو ڈھانپنا اور پانی کا چھڑکائو کرنا لازمی ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سموگ کا سبب بننے والے اقدامات پر قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے تمام متعلقہ محکمو ں کو اے کیو آئی کنٹرول کے لئے موثر اقدامات کاحکم دیا۔
صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، منصور قادر،ڈاکٹر جمال ناصر،بلال افضل، ابراہیم حسن مراد، مشیر کنور دلشاد،چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹریززراعت، صحت، خزانہ، ماحولیات، تعمیرات و مواصلات، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، سکول ایجوکیشن، صنعت،کمشنر لاہو رڈویژن او رماحولیاتی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی۔