پشاور، 3 اکتوبر(اے پی پی): پشاور کے چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان اور ایس پی ایجوکیشن شازیہ شاہد نے آج پشاور پریس کلب کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر صحافیوں کو ڈی ایل وین کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے 70 سے زائد صحافیوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے۔
اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر نے صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک، جنرل سیکرٹری عرفان موسیٰ زئی، جوائنٹ سیکرٹری طیب عثمان، چیئرمین کوآرڈی نیشن کمیٹی امیر معاویہ اور دیگر سے بھی ملاقات کی۔
چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے، اور اس مقصد کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک سگنلز لگانے کیلئے متعلقہ اداروں کیساتھ رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشنز کا سلسلہ شروع کردیا ہے، تجاوزات کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے مزید کہا کہ ٹریفک مسائل کے حل میں صحافیوں کا اہم کردار ہے، تنقید برائے اصلاح کو خوش آمدید کہتے ہیں تاکہ اصلاح کر کے عوامی مسائل کا خاتمہ کیا جاسکے۔
چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے پشاور کی جرنلسٹ کمیونٹی کوسراہتے ہوئے کہا کہ اپنی پولیس سروس کے دوران پشاور کے صحافیوں جیسے کوآپریٹیو صحافی نہیں دیکھے ہیں جنہوں نے بہت عزت دی اور ان کیساتھ ملکر شہر کی خدمت کا موقع ملا ہے۔