سکھر؛ یوم سیاہ کشمیر، بھارت کیخلاف احتجاجی ریلی

48

سکھر،27 اکتوپر(اے پی پی): کشمیر پر بھارت کے کئی دہائیوں سے جاری تسلط کے خلاف منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پر سکھر میں بھی کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سیاسی اور  سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

 سکھر میں  ڈویژنل و ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی قاسم پارک سے پریس کلب تک ڈویژنل کمشنر سمیع الدین صدیقی ،میئر سکھر ارسلان شیخ ، ڈپٹی کمشنر سکھر فیاض احمد مھیسر ، اسٹنٹ کمشنر ثوبیہ فلک راؤ ،سکھر ڈسٹرکٹ بار کے سیکریٹری جنرل الہی بخش میتلو دیگر کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

 ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلےکارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے ۔شرکاء نے پریس کلب کے سامنے کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ۔

احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر سمیع الدین صدیقی ، میئر ارسلان شیخ ،ڈپٹی کمشنر فیاض مھیسر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے بھارت نے کئی دہائیوں سے کشمیر پر اپنا تسلط قائم کررکھا ہے لیکن وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم پر عالمی برادری ، انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو آزادی ملنے تک ان کے ساتھ ہے اور رہے گی۔

 مقررین نے اقوام متحدہ سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کوبھارت اور اسرائیل سے آزادی دلوانے اور وہاں پر جاری مظالم بند کرانے کا بھی  مطالبہ کیا۔

ریلی میں سکھر کی سیاسی سماجی تنظیموں کے رہنماؤں و کارکنان، تاجروں، اسکولوں کے طلباء و طالبات، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔