اسلام آباد،30اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے سینئر صحافی حنیف خالد کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حنیف خالد صحافتی برادری کا درخشاں ستارہ ہیں، وہ نہ صرف صحافیوں کے نمائندہ ہیں بلکہ بزنس ایمبیسیڈر بھی ہیں، حنیف خالد نے اپنا یہ کردار بہتر طریقے سے نبھایا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے سینئر صحافی حنیف خالد کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی موجود تھے۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حنیف خالد صحافتی برادری کا درخشاں ستارہ ہیں، ان کی صحافتی خدمات کا اعتراف کرنے پر اسلام آباد چیمبر کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حنیف خالد کا نصف صدی پر محیط نہایت شاندار صحافتی سفر ہے۔ وہ صحافیوں کے نمائندہ ہونے کے ساتھ ساتھ بزنس ایمبیسیڈر بھی ہیں، انہوں نے یہ کردار بہتر طریقے سے نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ایوارڈ حنیف خالد کی خدمات کی قیمت ادا نہیں کر سکتا،ہماری کوشش ہوگی کہ انہیں اگلے اعلیٰ ایوارڈ کے لئے نامزد کریں۔