ٹنڈومحمدخان،23 اکتوبر (اے پی پی): جماعت اسلامی کے امیر مولانا سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی فوری انتخابات کے حق میں ہے، شفاف انتخابات کے زریعے ہی ملک کو بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا انہوں نے پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو ہر آنے والے حکمران نے دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، جب تک خاندانی سیاست جاری رہے گی ملک میں بہتری نہیں آسکتی ہے۔
مولانا سراج الحق کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو آج تک صاحب اقتداروں نے دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، ان نااہل حکمرانوں کی وجہ سے آج ملک میں افراتفری کا عالم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مس مینجمینٹ اور کرپشن کے ذریعے ڈبویا گیا ہے، آج ملک 75 ہزار ارب سے زائد قرض کے بوجھ تلے ڈوبا ہوا ہے، اقتدار میں آنے والے کشکول اٹھا کر دوسرے ممالک سے بھیک مانگ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایشیاء کا مہنگا ترین ملک ہے، پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں کسی بھی ملک کے حکمرانوں کے ملک سے باہر کاروبار اور جائیدادیں نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک کے سیاستدان انڈیا سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔
24 اکتوبر کو عدالتی فیصلے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 24 تاریخ ملک میں انصاف کا دن ہے، ملک کی عوام عدلیہ کے شفاف فیصلے پر آس لگائے بیٹھی ہے۔
قبل ازیں جماعت اسلامی کے امیر مولانا سراج الحق نے سندھ آبادگار بورڈ کے چیئرمین عبدالمجید نظامانی کے انتقال پر ان کے ورثاء سے تعزیت کی۔اس موقع پر مولانا اسداللہ بھٹو، محمد حسین محنتی، عبدالوحید قریشی سمیت سندھ آبادگار بورڈ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔