شیخو پورہ،7 اکتوبر( اے پی پی): پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں بجلی چوروں کیخلاف سخت کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد کی زیر قیادت اور ایس ای واپڈ کی زیر نگرانی بجلی چوری کرنیوالوں کیخلاف شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شیخوپورہ میں ایک ماہ کے دوران 1096 مقامات پر بجلی چوری کی نشاندہی ہوگئی ہے، جن میں 1058 ڈومیسٹک ، 24 کمرشل ، 9 زرعی اور 5 انڈسٹریل صارفین ملوث پائے گئے ہیں۔ بجلی چوری کرنے والے 1093 افراد کے خلاف اندارج مقدمات کے لئے استغاثہ جات جمع کروائے گئے ہیں، چوری میں ملوث 967 افراد کے خلاف خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کروایا جا چکا ہے جبکہ 312 بجلی چور صارفین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، 39 افراد پر 11 لاکھ 83 ہزار222 یونٹس چارج کئے گئے ہیں، چارج کئے گئے یونٹس کی قیمت 54 کروڑ 7 لاکھ 50 ہزار 121 روپے بنتی ہے۔
ڈی سی نے کہا کہ بجلی چوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے،ان کیخلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں، بجلی چوری میں ملوث کسی فرد کو رعایت نہیں ملے گی۔
انہوں نے مزیدکہا کہ بجلی چوری کر کے ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی میں کسی دباو کو خاطر میں نہیں لایا جا رہا،بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاﺅن میں واپڈا حکام کو ضلعی انتظامیہ کی مکمل معاونت حاصل ہے، بجلی چوروں کے واپڈا کنکشن فوری منقطع کئے جا رہے ہیں اور نادہندگان کے خلاف ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، ان سے مرتب کر لائحہ عمل کے مطابق ریکوری کی جا رہی ہے،چوری کی بجلی استعمال کرنا شرعاً ناجائز و حرام ہے۔
انہوں نے بجلی چوروں اور نادہندگان کو انتباہ کیا کہ بجلی چوری کرنے سے گریز کریں،نادہندگان اپنے بقایاجات ادا کر کے قانونی کارروائی سے بچیں۔











