ڈیرہ غازی خان، 10 اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں صحت کی سہولیات کی عوام تک رسائی کیلئے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور ڈی ایچ کیو،ٹی ایچ کیوز،آر ایچ سیز اور بی ایچ یوز میں معاملات درست کئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے زیر صدارت صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے اجلاس میں کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور ہر ایک ملازم کو ہیلتھ مراکز میں چیک کیا جائے۔مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ ہیلتھ سٹاف کو وقت کا پابند بننے کا موقع دیا جائے اور حاضری درست نہ ہونے پر نوکریوں سے فارغ کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو ہسپتال سے ہی میڈیسن دی جائیں،مراکز میں موجود ادویات کی لسٹ کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کی ٹریمنٹ میں کوتاہی نہ برتی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ میں ہیلتھ مراکز کے اچانک دورے کر کے صورتحال کا جائزہ لیتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ میڈیسن کی خریداری میں شفافیت لائی جائے اور افسران تمام معاملات میں بہتری کی مجھے باقاعدہ رپورٹ دیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری، ڈی ایچ او ڈاکٹر علی ہاشم،ایکسیئن شعیب فیاض،منیجر پی ایچ ایف ایم سی عابد علی،فاروق خان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔











