چنیوٹ، 26 اکتوبر (اے پی پی):امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسرائیل کی پار لیمنٹ پر گریٹر اسرائیل کا نقشہ موجود ہے، غزہ میں پچیس لاکھ مسلمان تھے آٹھ لاکھ مسلمان اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں، غزہ اس وقت ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے، عالمی ادارے اس لیے خاموش ہیں کہ مسلمان اس وقت جل رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں دریائے چناب کے قریب وادی عزیر شریف میں 42 سالانہ ختم نبوتؐ کانفرنس سے خطاب سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہو ں نے کہا کہ اسرائیل کیخلاف جماعت اسلامی نے کراچی میں مارچ کیا،امریکہ نے کھلم کھلا سرائیل کا ساتھ دینے کا اعلان کیا،اسلحہ اور بحری بیڑا اسرائیل بھیجا،جماعت اسلامی نے فلسطین پراسرائیل کے خلاف مارچ کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اس وقت مقروض ہے۔پیپلزپارٹی،پی ٹی آئی مسلم لیگ تمام جماعتوں کا اس مہنگائی میں ہاتھ ہے۔ہم سب کو ملکر ملک کے مسائل کا حل سوچنا چاہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہماری عوام سے اپیل ہے کہ اس مسئلہ کا ایک ہی حل ہے کہ اس ملک میں اسلامی قانون نافذ ہو جائے ۔ہم نے پی ڈی ایم یا پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں دیا کیونکہ ہم جانتے تھے یہ سودی نظام کے حامی ہیں۔ہم چاہتے ہیں عوام کو اختیار مل جائے تاکہ اس ملک کو ان مسائل سے نکالا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن جنوری میں ہی ہوں گے، اگر الیکشن میں تاخیری حربے استعمال کیے گے تو ہم احتجاج کریں گے،نئی نسل ان لوگوں کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کے پاس ملکی مسائل کے حل موجود ہیں ،ہم اسلامی معیشت کو استعمال کریں گے اور ملک کو سودی نظام سے نجات دلائیں گے،اگر جنوری میں الیکشن نہ ہوئے تو سب سے پہلے جماعت اسلامی احتجاج کرے گی۔