لاہور،24اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیرصنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن پنجاب کے وفد سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر محمد عارف علی کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران دالوں،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور تاجروں کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔
چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان، سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ اور دیگر متعلقہ افسران ملاقات میں موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور ویڈ لنک کے ذریعے ملاقات میں شریک ہوئیں۔
صوبائی وزیرصنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت کاروباری سرگرمیوں کا فروغ چاہتی ہے اس لئے تاجروں کے جائزمسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ مختلف شہروں میں دالوں اور اشیائے ضروریہ کے نرخ میں فرق کے خاتمے کیلئے ایسوسی ایشن اپنی تجاویز دے اورنرخ نامے مناسب جگہ پر آویزاں ہونے چاہئیں۔
صدرایسوسی ایشن محمد عارف علی نے مطالبہ کیا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں زمینی حقائق کے مطابق نرخ نامے جاری کریں۔نرخ ناموں کی خلاف ورزی کے حوالے سے سپیشل برانچ کی رپورٹ کی تصدیق کے بعد ایکشن ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقابلے کی بجائے تعاون کی فضا پیدا کی جائے،کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔