محکمہ معدنیات کے نئے پراجیکٹس صوبے کی اقتصادی ترقی میں اہمیت کے حامل ہوں گے۔ ابراہیم مراد

22

 

لاہور، 16 اکتوبر ( اے پی پی ) :صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز ابراہیم مراد کی زیر صدارت محکمہ معدنیات کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں اٹک کے مقام پر موجود سونے کے ممکنہ ذخائر حوالے سے امور پر بریفنگ لی گئی۔ صوبائی وزیر نے محکمہ کو تین ماہ کا ہدف دیتے ہوئے کہا کہ سونے کی ممکنہ مقدار کی موجودگی کا اندازہ لگا کر رپورٹ پیش کی جائے نیز ورکنگ کر کے مائننگ کیلئے درکار گہرائی کا تعین بھی کیا جائے۔ ابراہیم مراد نے کہا کہ غیرقانونی طور پر سونے کے ذخائر تک پہنچنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے اٹک میں ہونے والے فیلڈ ورک سے تصاویری رپورٹس کی صورت میں باخبر رکھنے اور ممکنہ سونے کے ذخائر کی دریافت کیلئے ورکنگ کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایات دیں اور اس پراجیکٹ کو صوبے کی اقتصادی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دریافت ہونے والے سونے کی اوپن آکشن کی جائے گی، جس سے  نہ صرف ملکی ریوینیو بڑھے گا بلکہ رائلٹی میں بھی اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سونے کے ذخائر کی دریافت سے غیرملکی سرمایہ کاروں میں بھی انویسٹمنٹ کی کشش پیدا ہوگی جس سے براہ راست ملک اور عوام کا فائدہ ہوگا اور معیشت کو استحکام ملے گا۔