ملتان؛ڈویژنل انتظامیہ نے ماحول دوست پالیسی اپنالی، کمشنر نے خوبصورتی و سموگ خاتمے کیلئے شاہراہوں پر درخت لگا کرآغازکرلیا

37

 

ملتان،14 اکتوبر( اے پی پی ): سموگ کے خاتمے بارے ڈویژنل انتظامیہ نے ماحول دوست پالیسی اپنالی۔اس سلسلے میں داخلی خارجی راستوں کی خوبصورتی اور سموگ کے خاتمے کیلئے مصروف شاہراہ بلال چوک تا ناگ شاہ چوک تک بڑے سایہ دار درخت لگانے کا آغاز کمشنر انجینئر عامر خٹک نے درخت لگا کر کیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ر رضوان قدیر، کاروباری شخصیت خواجہ انیس نے بھی پودا لگایا۔

 کمشنر انجینئر عامر خٹک نے بتایا کہ کاروباری شخصیت خواجہ انیس کے تعاون سے 1600 تیار درخت لگائے جارہے ہیں۔پی ایچ اے درختوں کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کے مستقل خاتمے کیلئے شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا،نسل نو کی بقا ءکیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے،باتوں کا وقت گزر گیا،عملی اقدامات کی ضرورت ہے، تمام مخیر حضرات کو ملتان کو سر سبز بنانے کے لئے اپنا حصہ ڈالنا چاہیے، جلد دوسری شاہراہوں خانیوال روڈ، بوسن روڈ وغیرہ پر بھی تیار درخت لگائے جائیں گے۔

کمشنر عامر خٹک نے واضح کیا کہ گلوبل وارمنگ سے بچنے کا واحد راستہ شجرکاری ہے۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ارم سلیمی، اے سی سٹی سیمل مشتاق نے بھی پودا لگایا اور ملکی ترقی و سلامتی کیلئے دعا مانگی۔