ملتان؛ڈپٹی کمشنر کا سبزی منڈی کا دورہ ، اشیاءخوردونوش کی نیلامی اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا

34

ملتان، 19 اکتوبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے سبزی منڈی کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں  نے اشیاءخوردونوش کی نیلامی اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی سیمل مشتاق نے پرائس میکنزم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ٹماٹر،پیاز اور پھلوں سمیت اشیاءخوردونوش کی سپلائی چین کی بھی انسپکشن کی۔

 ڈپٹی کمشنر رضوان قدیر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرکے مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے مافیا کو نکیل ڈالیں گے۔عام مارکیٹ تک سستی اشیاءخوردونوش کی فراہمی کا کڑا میکنزم تشکیل دینگے۔انہوں نے کہا کہ کمرشل پلازوں اور بڑے سٹورز پر ڈپٹی کمشنر کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو عملے کو منڈیوں کی روزانہ انسپکشن کی ہدایت کی اور کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے ثمرات ہر صورت عوام تک پہنچائے جائیں۔

 قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے مارکیٹ کمیٹی دفاتر اور منڈی میں انتظامات مزید بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔