ملتان،20 اکتوبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) رضوان قدیر اچانک جنرل بس سٹینڈ پہنچے اور جنرل بس سٹینڈ کی انسپکشن کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ پر صفائی اور سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد نئے کرایوں کی بھی چیکنگ کی۔
اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر و ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ عابد شبیر نے بریفنگ دی۔اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بس ٹرمینل اور واش رومز کی صفائی صورتحال کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر کا کہنا تھا کہ جنرل بس سٹینڈ پر مسافروں اور ٹرانسپوٹرز کو مثالی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے،غیر قانونی بس و ویگن سٹینڈز کو ختم کرکے جنرل بس سٹینڈ میں منتقل کردیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ٹرانسپورٹ شعبے میں بھتہ خوری اور کمیشن ختم کرکے سرکاری کرایے نافذ کردیے ہیں۔شہر کے کسی کونے میں غیر قانونی بس و ویگن سٹینڈز چلنے نہیں دینگے۔قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر عابد شبیر نے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔











