ملتان، 31 اکتوبر (اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لینے اچانک نشتر ہسپتال پہنچ گئے۔ ایک ہفتے کے دوران یہ ان کا نشتر ہسپتال کا دوسرا دورہ تھا۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب افضل ناصر خان اور ہسپتال کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے وارڈ نمبر 13 میں قائم شعبہ ریڈیالوجی اور لیبارٹری کا دورہ کیا۔ انہوں نے وارڈ نمبر17 کا بھی معائنہ کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے ہدایت کی کہ وارڈ نمبر13 میں جاری ترقیاتی کام جلد مکمل کیا جائے اور شعبہ ریڈیالوجی اور لیبارٹری کو مکمل بحال کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وارڈز کی ریویمپنگ کے دوران مریضوں اور ان کے لواحقین کی سہولیات کا بھر پور خیال رکھا جائے۔