ملتان،16 اکتوبر(اے پی پی): نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2023 کے تحت لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں مجموعی طور پر 169 طلباء وطالبات جن کا تعلق نشتر میڈیکل یونیورسٹی، کالج آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور نشتر کالج آف نرسنگ سے تھا کو لیپ ٹاپ دیئے گئے۔
تقریب سے خطاب میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے کہا کہ معاشرے کی ترقی اور تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے نوجوان طبقے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ملک بھر کے ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے عمل کو حکومت پاکستان کا انتہائی احسن قدم قرار دیا ہے۔
دیگر شرکاء میں پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس اور ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ماجد مصطفیٰ سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران ور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد شامل تھی۔