میرپورخاص؛ سرکاری ملازمین و پینشنرز کے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد

44

 

میرپورخاص،31اکتوبر(اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس (ٹریژری ) کے متعلق سرکاری ملازمین و پینشنرز  کے مسائل کے حل کے لئے  کھلی کچہری ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود کی صدارت میں  دربارہال میں  منعقد کی گئی۔

اس موقع پر  ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف ٹریژری حبیب الرحمٰن، اسسٹنٹ اکاونٹنٹ جنرل ڈاکٹر عامر نے سرکاری ملازمین اور پینشنرز کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔

  کھلی کچہری میں محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، روینیو، پبلک ہیلتھ  اور دیگر مختلف محکموں کے رٹائرڈ سرکاری ملازمین  کی جانب سے ایل پی آر، گریجوئٹی، کمیوٹیشن، فیملی پینشن، جی پی فنڈ  کی رقوم گذشتہ کافی سالوں سے  نہ ملنے ٹریژری آفس کے عملے کے خلاف  شکایات کی گئیں۔

اس موقع پر کھلی کچہری سے خطاب کرتے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر سندھ کے تمام اضلاع میں جاکر ملازمین اور پینشنرز  کے مسائل حل کرنے کے لئے کھلی کچہریاں منعقد کی جارہی ہیں جس کا مقصد   ملازمین اور پنشنروں کے مسائل حل کرنا اور  ذمے داروں کے خلاف کارروائی   کا تعین کرنا ہے۔انہوں نے  کہا کہ سرکاری ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن  کے علاوہ دیگر رقوم کی فراہمی کے لئے سسٹم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے  جس کے تحت ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین  کو ریٹائرمنٹ کے بعد  ان کے پینشن کے کاغذات خزانے آفیس میں جمع ہونے پر  ان کو ریٹائرمنٹ کی تاریخ کے مطابق نمبر جاری کیا جائے گا، یہ لسٹ ویب سائٹ پر بھی جاری کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس لسٹ کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین و بیواہوں کو کمیوٹیشن و دیگر بقایاجات  بغیر سفارش کے جاری کئے جائیں گے۔  انہوں نے مزید کہا کہ  اس فہرست کو  خزانے آفیس کا  کوئی بھی  ملازم تبدیل نہیں کرسکتا جس سے شفافیت میں  اضافہ ہوگا ۔

دپٹی کمشنر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ  جن ملازمین اور پینشنرز کی جانب سے کھلی کچہری میں مسائل پیش کئے گئے ہیں ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ  افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ اس مسائل کے حل کے متعلق رپورٹ متعلقہ ٹریژری آفیس سے لی جائے گی۔

کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ اکاونٹس آفیسر نعیم لیاقت دیدر ڈاریکٹر انفارمیشن غلام رضاکھوسو مختلف محکموں کے افسران پنشنروں اور سرکاری ملازمین بڑی تعداد میں موجود تھے۔