نارووال،27 اکتوبر(اے پی پی):27اکتوبر یوم سیاہ کے حوالے سے ملک بھر کی طرح نارووال میں بھی تقریبات اور ریلیاں نکالی گئیں۔
مرکزی تقریب کا انعقاد گورنمنٹ ہائی سکول نارووال میں ہوا،جہاں ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں کی جانب سے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچے بوڑھے اور جوان آج بھی اپنے کشمیری بہن بھائیون کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارتی افواج نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی اور بدترین جیل میں بدل کر رکھ دیا ہے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر خود عمل کروانے سے قاصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت پاکستانی کشمیر کاز کو کبھی دبنے نہیں دیں گے،ہم اقوام عالم کے مردہ ضمیر کوجھنجھوڑتے رہیں گے، آج ضرورت اس امر کی ھے کہ پم سب سے پہلے اپنے آپ کو اقتصادی اور معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم کریں تاکہ ہم کشمیری عوام سمیت دنیا بھر میں پسنے والے مسلمانوں کا مقدمہ عزت اور حمیت کے ساتھ لڑسکیں۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت استاد آپ لوگوں پر یہ زیادہ ذمے داری ھے کہ آپ نئی نسل کو علم و فن کی دنیا میں مضبوط بنائیں تاکہ ہم اقوام عالم میں بہتر مقام پر کھڑے ہوسکیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس سے فیض احمد فیض پارک تک ریلی نکالی گئی جسکی قیادت ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا نے کی۔ریلی میں شہریوں،سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔











