نوابزادہ سراج رئیسانی شہید سپورٹس فیسٹیول کا (کل) سے کو ئٹہ میں آغاز ہوگا

53

کوئٹہ، 25 اکتوبر (اے پی پی):نگران صوبائی و زیر کھیل و ثقافت نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا ہے کہ (کل)جمعرات  سے نوابزادہ سراج رئیسانی شہید سپورٹس فیسٹیول کا کو ئٹہ میں انعقاد کیا جا رہا ہے ، فیسٹول میں سینکڑوں کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ڈی جی سپورٹس درا بلوچ کے ہمراہ پر یس کانفرنس کر تے ہو ئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں باڈی بلڈنگ، سکواش، والی بال، بیڈمنٹن، مارشل آرٹس،سوئمنگ،ووشو،ٹیبل ٹینس اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہونگے۔ مقابلوں میں خواتین اتھلیٹس بھی حصہ لیں گی۔

 ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مختصر مدت کیلئے آیا ہوں لیکن صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا میرا عزم ہے۔  انہوں نے کہاکہ وزیراعلی گولڈ کپ سمیت دیگر ٹورنامنٹس کامیاب رہے،بلو چستان کے لوگوں نے یہ ثابت کیا کہ صو بہ ہر قسم کے کھیلوں کے محفوظ جگہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  اسلام آباد میں جاپان، کوریا، چین، ٹھائی لینڈ کے سفیروں سے ملاقاتیں ہوئیں،  باہر کے لوگ بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، چین کے ساتھ فٹبال کوچز کے حوالے سے معاہدہ کیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بلو چستان کے بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے ، بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کی ملکی سطح پر حوصلہ افزائی کی جا ئے گی ، کھیلوں کے میدانوں میں کسی صورت سیاست برداشت نہیں کی جا ئے گی ۔