نوشہرہ ورکاں، 19 اکتوبر(اے پی پی): ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت گوجرانوالہ ڈاکٹر جاوید اختر پڈھیار نے کہا ہے کہ دھان کی فصل کی باقیات جلانے کی بجائے اسے جدید زرعی آلات سے زمین میں ہی تلف کر کے کاشتکار اور زمیندار حالیہ دنوں میں بڑھتی ہوئی سموگ کو کنٹرول کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے اور باقیات جلانے پر پابندی کے برعکس ہونے والی پولیس کارروائی اور جرمانہ سے بھی بچ سکتا ہے
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو یہاں نجی مارکی میں منعقدہ انسداد سموگ اجلاس میں کیا۔ انہوں نے تحصیل بھر سے آئے نمبرداران،پٹواریوں اور معززین علاقہ و کاشتکاران سے خطاب کے دوران فصلوں کی کاشت محکمہ زراعت کے عملہ سے مشاورت کے ذریعے کرنے کا پیغام دیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت محمد یوسف چوہدری ،تحصیلدار ملک خاور حیات بھی موجود تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے اب گاؤں چمکیں گے پروگرام کو کامیاب بنانے میں نمبر داران اور پٹواریوں کے کردار کو بنیاد قرار دیا ۔
انہوں نے اس موقع پر نمبر داران کے بعض سوالات کے جواب دیے اور کہا کہ آنے والے موسم میں سموگ سے محفوظ رہنے کے لیے ہمیں اس کے پیدا ہونے کے اسباب کو روکنا ہو گا اور کھیتوں میں پرالی کے مڈ اور کچرا جلانے سے ہر دم رکنا ہو گا۔
اس موقع پر نمبرداروں کا کہنا تھا کہ واحد ایک نمبردار ہے جو بلا تنخواہ کام کرتا ہے اور اس پر ذمہ داریوں کے بوجھ بھی ڈالے گئے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ نمبردار کو چپڑاسی سے بھی کم تر حثیت میں نہ رکھا جائے ، وہ نسل در نسل ملک اور عوام کی خدمات کے لیے مصروف رہتے ہیں۔











