نوشہرہ ورکاں،14 اکتوبر( اے پی پی ): سابق ایم این اے مسلم لیگ( ن) حاجی مدثر قیوم ناہرا کا کہنا ہے کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف ہی ملک اور عوام کے خیر خواہ ہیں جو چوتھی مرتبہ وزیر اعظم پاکستان بن کر ملک اور عوام کو خوشحالی کا تحفہ دیں گے۔
اس حوالہ سے نوشہرہ ورکاں این اے 81 میں سیاسی سر گرمیوں کا آغاز ہو گیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تحصیل مرکز رہنما ءسابق ایم این اے حاجی مدثر قیوم ناہرا کی قیادت میں تحصیل مرکز مسلم لیگ یوتھ ونگ (ن) کا کنونشن بدورتہ روڈ پر واقع ملک مارکی میں منعقد ہوا ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی قائد میاں محمد نواز شریف کے 21 اکتوبر کو پاکستان آمد پر استقبال اور مینار پاکستان لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کے حوالے سے نوشہرہ ورکاں سے حاجی مدثر قیوم ناہرا کی قیادت میں لاہور روانگی پروگرام کے بارے آگاہی دی گئی۔
تقریب میں تحصیل نوشہرہ ورکاں سے تمام یونین کونسلوں سے یوتھ ونگ کے یونٹ اپنے صدور کی قیادت میں شریک ہوئے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ قائد عوام مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف کے استقبال کے لیے قطار در قطار لاہور روانہ ہونگے۔نوشہرہ ورکاں میں سیاسی سطح پر پہلی اور منظم تقریب میں شریک کارکنان اور عوام سے این اے 81 کی قیادت حاجی مدثر قیوم ناہرا،عرفان بشیر گجر،عبد الرحمان گجر ، اور دیگر مقررین نے خطاب کیا جبکہ صدر مسلم لیگ سٹی اقبال صدیق سدھو اور جنرل سیکرٹری شیخ عطاءاللہ نے تقریب کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔