اسلام آباد،19اکتوبر( اے پی پی ): نگران حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے عوام دوست اقدام پر عوام کی جانب سے خوشی اور معاشی حالات میں مزید بہتری کی امید کا اظہار کیا گیا ہے اس حوالے سے عوام کی جانب سے اپنی اپنی آراء کا اظہار خیال کیا گیا ۔عوام کی اکثریت اس امید کا اظہار کر رہی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے سے اشیاءضرویہ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی ۔
”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک نوجوان کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت بڑے پیمانے پر کمی کی گئی ہے تو اس سے عوام کے معاشی حالات میں کافی بہتری کی امید ہے ۔
ایک طالب علم نے اپنی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں چالیس روپے کم ہونے سے کافی معاملات بہتر ہوں گے اس سے ہمیں کافی فائدہ ہوگا۔
ایک شہری کے مطابق قیمتوں کی کمی سے عوام کو بہت ریلیف ملا ہے جب پٹرول، ڈیزل و تیل کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو اس سے دیگر ضرورت کی اشیاءمیں بھی کمی واقع ہوتی ہے ، ملکی معیشت مضبوط ہوتی ہے ۔
ایک اورشہری نے کہا کہ حکومت کے اقدام سے غریب عوام کو کافی ریلیف ملے گا ،موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کو بھی کافی فائدہ ہوگا ،انہوں نے کہا کہ بہر کیف اب حکومت کو چاہئے کہ وہ کرایے ناموں میں بھی کمی کی ہدایات جاری کریں،نئے کرایے نامے جاری کئے جائیں تاکہ پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والوں کو واضح ریلیف ملے، پٹرولیم اشیاءکی قیمتوں میں کمی سے تمام اشیاءکی قیمتوں میں فرق پڑتا ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت کی جانب سے اشیاءمیں کمی کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ مہنگائی کی ستائی عوام کو سہولت مل سکے ۔
ایک بزرگ شہری کا کہنا ہے کہ یہ جو حکومت نے پٹرول وڈیزل سستا کیا ہے اس سے کافی فائدہ ہوگا ،حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کے احکامات جاری کرے اس کے علاوہ بجلی بھی سستی کی جائے ،ہم غریبوں کے لئے گزارہ بہت مشکل ہوچکا ہے ، آٹا، چینی، گھی و دیگر کھانے پینے کی اشیاءمیں بھی کمی کی جائے تاکہ غریب عوام کی زندگی آسان ہوسکے ،ہم نگران حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے عوام کے لئے اتنا اہم اقدام اٹھایا ہے ۔
نجی کمپنی کی جانب سے موٹر سائیکل چلانے والے کا کہنا ہے کہ پٹرولیم کی اشیاءمیں کمی واقع ہونے سے ہمارا روزگار بھی کافی فائدے میں ہو جائے گا کیونکہ پٹرول و ڈیزل وغیرہ مہنگا ہونے سے سواریوں سے کرایہ بھی زائد لیا جاتا ہے ،کرایہ زائد ہونے کی وجہ سے وہ ہمارےموٹر سائیکل پر سفر نہیں کرتے جس کی وجہ سے کافی مشکلات ہوتی رہتی ہیں لیکن اب حکومت کے اس عوام دوست کام سے ہمارے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا اور ہماری مشکلات بھی آسان ہوں گی ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ اگر مزید کمی بھی کر دی جائے تو ہم غریب عوام کو واضح فائدہ ہوگا۔
ایک اور شہری نے نگران حکومت کے عوام دوست فیصلے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے عوام کو ریلیف دیا، امید ہے کہ حکومت اور بھی عوام دوست فیصلے کرے گی۔











