نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب کا گوجرانوالہ میڈیکل کالج سے ملحقہ ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سینٹر کا دورہ

35

گوجرانوالہ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج سے ملحقہ ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سینٹر کا دورہ   کیا ہے،اس دوران ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا ، ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور ملاقات کے دوران ہسپتال کی طرف سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے استفسار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ شعبہ صحت کے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کی بہت ضرورت ہے اور بہت جلد ہسپتال کے تمام آپریشن تھیٹرز بشمول ماڈل آپریشن تھیٹرکو بھی فعال کر دیا جائیگا، انہوں نے کہاکہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال میں میموگرافی اور ریڈیالوجی سمیت تمام سہولیات موجود ہیں، ٹیچنگ ہسپتال اورمیڈیکل کالج میں شٹل سروس کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج سے ملحقہ ٹیچنگ  ہسپتال کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہو ئے کہی ۔اس موقع پر پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر،ایم ایس ڈاکٹر ارشاد اللہ،ڈی ایم ایس ڈاکٹر نیئر عمران،ڈاکٹرمحمد بلال چیمہ،آئی ڈیپارٹمنٹ کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر عرفان قیوم اورمختلف شعبوں کے ڈاکٹرز انکے ہمراہ تھے، انہوں نے کہاکہ یہ شٹل سروس دونوں ہسپتالوں کے درمیان ہر گھنٹے بعد فری چلائی جائے گی ، گوجرانوالہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال میں  بہت جلد چلڈرن وادڑ بھی قائم کر دیا جائے گا جہاں چلڈرن ہسپتال لاہور کے ڈاکٹر اپنے فرائض سرانجام دیں گے، ٹیچنگ ہسپتال میڈیکل کالج اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں لیبارٹری کی بھی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، پنجاب کے شہریوں کو صحت کی جدید سہولیات دینا اولین ترجیحات  ہیں ،صوبائی وزیر صحت نے 502 بیڈز پر مشتمل ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی اور مختلف وارڈ میں داخل مریضوں کی عیادت کی ، ہسپتال کے مختلف واڈز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا ، مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں ملنے والی طبی سہولیات بارے استفسار کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے موقع پر موجود پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر اور ایم ایس ڈاکٹر ارشاد اللہ کو ہدایت کی کہ وہ صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ کو قوانین کے مطابق تلف کیا جائے۔بعد ازاں صوبائی وزیر صحت نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی کے ہمراہ چائلڈ پروٹیکشن ویلفیئر بیورو میں چلڈرن وارڈ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی عمارت میں مقیم بچوں کو دی جانے والی سہولیات،کھانے کا معیار چیک کیا اور بچوں سے مصافحہ کرنے کے بعد ان سے بات چیت بھی کی،  اپنے دورہ کے اختتام پر انہو ں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ٹراما سینٹر کا بھی دورہ کیا اورایمر جنسی میں داخل مریضوں سے ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔